اسلام آباد() نیشنل پریس کلب اور ایکسل لیب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط،این پی سی کی طرف سے صدر عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ جبکہ ایکسل لیب کی جانب سے ہیڈ آف کارپوریٹ سیلز کمال خان آفریدی اورطارق احمد اقتدارنے معاہدے پر دستخط کئے، معاہدے کے تحت این پی سی ممبران، سٹاف اور اہل خانہ کو ایکسل لیب کی مختلف طبی سہولیات اور ٹیسٹوں پر خصوصی رعایت حاصل ہوگی، ممبران رعایت حاصل کرنے کے لیے نیشنل پریس کلب کا کارڈ دکھا سکتے ہیں یا کلب سے تصدیقی خط حاصل کرکے ایکسل لیب میں جمع کرا سکتے ہیں،تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آباد اورایکسل لیب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب این پی سی میںمنعقد ہوئی،معاہدے کے تحت نیشنل پریس کلب کے ممبران، ان کے اہل خانہ اور سٹاف کو ایکسل لیب کی مختلف طبی سہولیات اور ٹیسٹوں پرپیتھالوجی کے تمام ٹیسٹوں پر 35 فیصد، ریڈیالوجی پر 25 فیصد جبکہ ڈینٹل سروسز پر بھی 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔معاہدے کی خاص بات یہ ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ممبران ڈینٹل سروسز پر بھی خصوصی رعایت سے مستفید ہو سکیں گے،اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے کہا کہ ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری ہے۔ سٹی لیب کے بعد ایکسل لیب کے ساتھ بھی معاہدہ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر لیبارٹریز کے ساتھ بھی مفاہمتی یادداشتیں کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایکسل لیب کے ساتھ معاہدے کے تحت ڈینٹل سروسز پر رعایت اس معاہدے کی ایک اہم خصوصیت ہے اور ممبران اپنے دانتوں کا علاج بھی رعایتی نرخوں پر کرا سکیں گے۔عبدالرزاق سیال نے کہا کہ ممبران رعایت حاصل کرنے کے لیے نیشنل پریس کلب کا کارڈ دکھا سکتے ہیں یا کلب سے تصدیقی خط حاصل کرکے ایکسل لیب میں جمع کرا سکتے ہیں۔نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤنے کہا کہ نئی قیادت نے اپنے منشور میں ممبران کی فلاح و بہبود، صحت اور تعلیم کے حوالے سے جو وعدے کیے تھے ان پر عملی کام جاری ہے اس سلسلے میں اسلام آباد کی بڑی لیبارٹریز کے ساتھ معاہدوں کا سلسلہ جاری ہے اور امکان ہے کہ اگلے ہفتے آئی ڈی سی کے ساتھ بھی ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں سے نیشنل پریس کلب کے تقریباً 3350 ممبران سمیت سٹاف اور ان کے اہل خانہ، جن میں والدین اور بچے بھی شامل ہیں مستفید ہوسکیں گے۔ڈاکٹر فرقان راؤنے کہا کہ بائیومیٹرک نظام، پریس کلب کی ڈیجیٹلائزیشن، ممبران اور ان کے بچوں کے لیے صحت کی سہولیات اور صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صحت کے شعبے میں لیبارٹریز کے بعد ہسپتالوں سے بھی معاہدے کیے جائیں گے جبکہ تعلیم کے شعبے میں بھی ممبران کے لیے سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت نے ممبران سے میڈیا ٹاؤن فیز ٹو اور وفاقی ہاؤسنگ کوٹے سمیت دیگر معاملات پر جو وعدے کیے ہیں، انہیں پورا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رہیں گی۔








