اسلام آباد( سٹی رپورٹر)نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ممبران کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے ایک ماہ پر محیط سوشل میڈیا تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے آئی ٹی ونگ”اپنا کماؤ” پروگرام کےسربراہ اور ماسٹر ٹرینر ملک وقاص سعید نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنایا جا سکتا ہے، آئندہ مرحلے میں شعبہ وار گروپس تشکیل دے کر عملی مشقوں اور خصوصی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا سکتا ہے تاکہ شرکاء اپنی منتخب کردہ فیلڈ میں مہارت حاصل کریں،کورس کے اختتام کے بعد شرکاء کے لیے ایک خصوصی انٹینسو ٹریننگ پروگرام ترتیب دیا جائے تاکہ انہیں عملی مہارتوں سے مزید آراستہ کیا جا سکے اور وہ جلد از جلد آن لائن کمائی کا آغاز کر سکیں، کورس بنیادی طور پر شرکاء کو اس شعبے سے متعارف کرانے کے لیے تھا۔ اب ہر شریک کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ آن لائن کمائی کے کس شعبے میں مہارت حاصل کرنا چاہتا ہے،انہوں نے مزیدکہا کہ کئی شرکاء کو اب بھی مزید رہنمائی اور عملی مشق کی ضرورت ہے۔ اگرچہ ان کی نظریاتی سمجھ بہتر ہوئی ہے، تاہم ویب سائٹس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، فری لانسنگ اور دیگر شعبوں میں مہارت پیدا کرنے کے لیے مزید تربیت ناگزیر ہے،انہوںنے یقین دلایا کہ آئندہ ایک ہفتے یا 15 دن کے دوران مزید تربیتی سرگرمیوں کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف تین ماہ کے کورسز میں مستحق شرکاء کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا جا سکتا ہے تاکہ انہیں کم یا بغیر فیس کے جدید آئی ٹی کورسز کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں، “کیو ٹیک” (Q Tech) کے پلیٹ فارم پر مختلف آئی ٹی کورسز، مستقبل کے منصوبوں اور تربیتی پروگراموں کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انکا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے میں انٹرن شپ یا عملی تربیت کے لیے سفارش کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ شرکاء کی صلاحیتوں، پراجیکٹس اور عملی کام کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے تاکہ ان کی استعداد کے مطابق مزید رہنمائی اور تربیت فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) کی اسکلز ایکسپرٹ صفا حسنی نے بھی مستقبل میں منعقد ہونے والے پروگراموں، جدید ڈیجیٹل مہارتوں اور روزگار کے مواقع سے متعلق شرکاء کو مفید معلومات فراہم کیں۔تقریب میں نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، پاکستان مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کے ترجمان سردار سلیم الیاس، ٹرینر عاطف خان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔








