اسلام آباد: نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور گورننگ باڈی کے اراکین نے روہی ٹی وی کے 36 ملازمین کی برطرفی کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے میڈیا ورکرز کے روزگار، پیشہ ورانہ تحفظ اور بنیادی حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔نیشنل پریس کلب کے عہدیداران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ میڈیا اداروں کی اصل طاقت ان کے صحافی اور دیگر ملازمین ہوتے ہیں، اس لیے بغیر مناسب قانونی اور اخلاقی تقاضے پورے کیے اجتماعی برطرفیوں جیسے اقدامات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے درجنوں خاندانوں کا معاشی مستقبل متاثر ہوا ہے، جس پر صحافتی برادری کو شدید تشویش ہے۔انہوں نے روہی ٹی وی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ برطرف کیے گئے تمام ملازمین کو فوری طور پر ان کی ملازمتوں پر بحال کیا جائے اور اس معاملے کو مذاکرات، باہمی اعتماد اور انصاف کے اصولوں کے مطابق حل کیا جائے۔بیان میں کہا گیا کہ صحافت کی آزادی صرف اداروں تک محدود نہیں بلکہ میڈیا ورکرز کے روزگار، عزتِ نفس اور پیشہ ورانہ تحفظ سے بھی وابستہ ہے۔ ملازمین کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی پوری صحافتی برادری کے لیے باعثِ تشویش ہے۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور متعلقہ فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ اس مسئلے کو فوری، منصفانہ اور باوقار انداز میں حل کیا جائے تاکہ متاثرہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔








