پاکستانی طلبہ نے سنگاپو 8 بیسٹ ڈپلومیسی ایوارڈز اور 2 بہترین تقریر کے اعزازات حاصل کیے
اسلام آباد(سٹی رپورٹر) نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور فیڈرل ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن (فیرا) کے تعاون سے گلوبل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز سنگاپور میں ورلڈ چیمپئن اور بیسٹ ڈیلیگیشن کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں طلبہ کی شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔تقریب میں ویسٹ منسٹر سکول کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر شایان خان نےبتایا کہ پاکستانی طلبہ نے مختلف ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی مسائل پر مباحثوں، سفارتی مذاکرات، پالیسی سازی اور تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔ وفد میں زیادہ تر طلبہ کی عمریں 12 سے 14 سال تھیں، جس کے باوجود انہوں نے بڑی عمر کے طلبہ کے ساتھ انتہائی مسابقتی ماحول میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ پاکستانی طلبہ کے 10 رکنی وفد نے سنگاپور میں 50 سے زائد ممالک کے 700 سے زائد طلبہ کے درمیان نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 بیسٹ ڈپلومیسی ایوارڈز اور 2 بہترین تقریر کے اعزازات حاصل کیے۔اس موقع پر بچوں نے کہا کہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز جیسے عالمی فورمز نوجوانوں میں اعتماد، سفارت کاری، مکالمے، ٹیم ورک اور عالمی مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔ پاکستانی طلبہ کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے نوجوان صلاحیت اور مواقع ملنے کی صورت میں عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر قومی و عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوانوں کو عالمی تعلیمی و سفارتی پلیٹ فارمز تک رسائی کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔








