اسلام آباد()وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک کرنا وزیراعظم کا مشن ہے، ملک میں ایک کروڑ 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں، اس مرض کے خاتمے کے لیے 70 ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اسکریننگ اور ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لیے چھوٹے انتظامی یونٹس ناگزیر ہیں، سندھ میں دس صوبے بنا دئیے جائیں تو اعتراض کیا ہے؟ اس معاملے پر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی گرا تو ذمہ داری بلاول بھٹو پر عائد ہوگی۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا اور ڈاکٹر اکبر نیازی ہسپتال کے اشتراک سے نیشنل پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے منعقدہ خصوصی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کیمپ کا افتتاح کیا۔نیشنل پریس کلب آمد پر صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، اسکریننگ کیمپ کے کوآرڈینیٹر ممبر گورننگ باڈی عاصم جیلانی، فرحانہ کوثر فوکل پرسن وزیر اعظم یوتھ پروگرام،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ضیاء داوڑ،رجسٹرار اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کرنل (ر)غلام مجتبیٰ عباسی، میڈیا کمیونیکیشن ہیڈ عمران علی غوری،این پی سی کے سینئر نائب صدر احتشام الحق،سینئر جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی، سابق سیکرٹری این پی سی نیئر علی، سابق نائب صدر شاہ محمد،سابق صدر آر آئی یو جے عامر سجاد سید، ممبران گورننگ باڈی این پی سی عامر رفیق بٹ، محمد داؤد، مدثر لانگ، فرح ربانی، نثار احمد، محمد عثمان سینئر صحافیوں اور اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے سی ای او یاسر نیازی نے وفاقی وزیر صحت کا پرتپاک استقبال کیا اس موقع پر وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہیپاٹائٹس سے پاک معاشرہ وزیراعظم کا مشن ہے۔ ہیپاٹائٹس کے مکمل خاتمے کا منصوبہ 70 ارب روپے کا ہے، جس کے تحت چار ہزار روپے مالیت کی اسکریننگ کٹ اور 68 ہزار روپے تک مالیت کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ 10 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ ابھی تک تمام افراد کی اسکریننگ بھی نہیں ہو سکی۔ بیماری کی ابتدائی سطح پر تین ماہ کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم مرض بڑھ جائے تو جگر کے کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔ جو شخص اپنا علاج نہیں کرواتا وہ اپنے گھرانے کو بھی بیماری میں مبتلا کرنے کا خطرہ پیدا کرتا ہے۔ عوام ریاست کی جانب سے فراہم کردہ مفت اسکریننگ اور علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ پرہیز علاج سے بہتر ہے۔مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ صحت سہولت کارڈ کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے اور 15 ہسپتالوں میں اس کے ذریعے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل پریس کلب میں ان ہسپتالوں کی فہرست آویزاں کی جائے تاکہ صحافی اور ان کے اہل خانہ بھی ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا صحافیوں کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجرا دوبارہ شروع کیا جائے گا جبکہ پمز اور پولی کلینک ہسپتال میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے فوکل پرسن بھی تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پمز اور پولی کلینک ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نیشنل پریس کلب کا دورہ کریں گے، جہاں صحافیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اور انکے مسائل کے حل کے لیے تفصیلی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈاکٹر اکبر نیازی ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر خان نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے ہسپتال حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نیشنل پریس کلب میں خصوصی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی نیشنل پریس کلب اور صحافیوں کے ساتھ مل کر ان کی طبی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔خصوصی اسکریننگ کیمپ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا، جس میں صحافیوں نے ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کروائی۔ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں اس وقت انتظامی یونٹس کے قیام کی بات ہو رہی ہے، بلاول بھٹو کی گزشتہ روز کی گفتگو سے دکھ ہوا، انہوں نے جن علاقوں میں خون خرابے کی بات کی وہ اردو بولنے والوں کے علاقے ہیں۔ مہاجروں کے کاروبار جلائے گئے، بے نظیر بھٹو کی شہادت راولپنڈی میں ہوئی لیکن تباہی کراچی میں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اگر انتظامی یونٹس بنانے کا خیال آیا ہے تو اس میں برا کیا ہے؟ نئے انتظامی یونٹس بنانے میں کیا حرج ہے؟ خون بہنے کی بات کرنا انتہائی نامناسب ہے۔ سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی گرا تو ذمہ داری بلاول بھٹو پر ہوگی۔ ہمیں مرنے سے نہ ڈرایا جائے، ہم پہلے سے مرے ہوئے ہیں، مرنے سے وہ لوگ ڈریں جن کے ڈالر تہہ خانوں میں پڑے ہیں اور جن کے پیسے لانچوں کے ذریعے باہر جاتے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور اب تک سندھ پر 22 ہزار ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، یہ اتنی بڑی رقم ہے کہ سندھ کئی بار نیا بن سکتا ہے۔ اگر پیپلز پارٹی نے کارکردگی دکھائی ہے تو سندھ میں نئے صوبے بنانے پر پریشانی کیوں ہے؟ سندھ میں دس صوبے بنا دیں اور دس وزرائے اعلیٰ مقرر کر دیں، اس میں کیا اعتراض ہے؟وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے دور میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا، کراچی میں 300 ارب روپے کے ترقیاتی کام کروائے اور پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری میں بھی پانی پہنچایا۔ کراچی کے جزائر میں 60 ہزار خاندانوں کو پانی فراہم کیا اور سمندر کے اندر پانی کی لائن بچھا کر 300 سال بعد جزائر تک پانی پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں میری ایک گز زمین ثابت نہیں کر سکی، میرا کوئی شاہی ہال، پیٹرول پمپ، واٹر ہائیڈرنٹ یا ٹینکر کا کاروبار سامنے نہیں لا سکی۔ کراچی میں را کے نیٹ ورک کو ہم نے توڑا، الطاف حسین اور آصف زرداری کے دور میں کراچی میں قتل و غارت گری ہوتی رہی۔مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ کراچی والوں کے مقدر میں اب رائیڈرز اور کوریئرز کی نوکریاں رہ گئی ہیں، دیہی کوٹہ ختم ہونے کے بعد جعلی ڈومیسائل کے ذریعے شہری کوٹہ فروخت کیا جاتا ہے۔ ہم وہ لوگ ہیں جنہیں مردم شماری میں گننے سے ڈرتے ہیں۔ اگر سندھ حکومت نے کارکردگی دکھائی ہوتی تو نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے خوفزدہ نہ ہوتی۔







