اسلام آباد (سٹی رپورٹر) سینئر صحافی سرفراز راجہ کی والدہ محترمہ کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کیلئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ اور جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دعائیہ تقریب میں پی ایف یو جے (دستور)کے صدرحاجی نواز رضا، طارق عثمانی، شکیل قرار، قربان ستی، قربان چانڈیو، نعیم سندھو، آر آئی یو جے (دستور) کے صدررانا کوثر علی، خاور نواز راجہ، قیصر مرزا، جاوید اقبال اور فرخ نواز بھٹی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا بچھڑ جانا ناقابلِ تلافی نقصان ہے، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔تقریب کے اختتام پر مرحومہ کے درجات کی بلندی، مغفرت، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔








