اسلام آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں سے وابستہ سرمایہ کاروں کے تحفظ، سائبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی اور عالمی سطح پر پاکستانی انڈسٹری کی نمائندگی کیلئے ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کے تعاون سے ’’ورچوئل ایسٹ الائنس آف پاکستان‘‘ (VAAP) کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ الائنس کے نمائندے سید احتشام حمدانی نے انڈسٹری کے ممتاز رائے سازرہنماؤں مبشر عرفان،محمد اسماعیل، زین العابدین، حمزہ کیانی، شفیق الحسن کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد سرمایہ کاروں کو فراڈ، سائبر حملوں اور جعلی ایکسچینجز سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ڈیجیٹل اثاثوں کی صنعت سے وابستہ افراد اور کمپنیوں کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹو سرمایہ کاروں کی مستند تعداد اور سرمایہ کاری کے اعداد و شمار کی عدم دستیابی ایک بڑا مسئلہ ہے، جس کے حل کیلئے آگاہی اور ڈیٹا مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ الائنس کسی سرکاری یا ریگولیٹری ادارے کا متبادل نہیں بلکہ عوام اور متعلقہ حکام کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنے گا اور سرمایہ کاروں کو شکایات کے اندراج، قانونی رہنمائی اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے تحفظ سے متعلق آگاہی فراہم کرے گا۔ مقررین نے کہا کہ بلاک چین اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں نوجوانوں کیلئے کاروباری مواقع پیدا کرنے، کمپنیوں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے مراحل میں رہنمائی دینے کے ساتھ جامعات میں آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے بلاک چین کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور متعلقہ افراد سے الائنس کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر حکمت عملی اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے ذریعے پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔








