اسلام آباد()نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے اراکین اور ان کے عزیز و اقارب، جو حالیہ دنوں میں انتقال کر گئے تھے، کے ایصالِ ثواب کے لیے نیشنل پریس کلب میں اجتماعی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، سینئر صحافی حاجی نواز رضا، ممبر گورننگ باڈی عامر رفیق بٹ، جاوید اقبال، قربان ستی، اسحاق چوہدری، راجہ بشیر عثمانی سمیت مرحومین کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور نیشنل پریس کلب کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے مرحومین کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر شرکاءنے مرحومین کی صحافتی، سماجی اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعائیہ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔













