اسلام آباد(سٹی رپورٹر)نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور پنجاب گروپ آف کالجز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ، معاہدے کے تحت نیشنل پریس کلب کے ممبران اور ان کے بچوں کو پنجاب گروپ آف کالجز کے مختلف تعلیمی اداروں میں فیسوں میں 25 جبکہ ایڈمیشن میں 20 فیصد رعایت اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مفاہمتی یادداشت پر نیشنل پریس کلب کی جانب سے صدر عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ جبکہ پنجاب گروپ آف کالجز کی جانب سے ڈائریکٹر چوہدری محمد اکرم نے دستخط کیے۔ اس موقع پرسینئر صحافیوں حاجی نواز رضا، ڈاکٹر سعدیہ کمال، شکیل احمد، روحیل رحمت، قیصر مرزا، ضیغم نقوی اور دیگر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئےپنجاب گروپ آف کالجز کے ڈائریکٹر چوہدری محمد اکرم نے بتایا کہ ادارے کے پنجاب اور آزاد کشمیر بھر میں 400 سے زائد کیمپسز، چار یونیورسٹیز اور راولپنڈی اسلام آباد میں 15 برانچز موجود ہیں، جہاں معاہدے کے تحت نیشنل پریس کلب کے ممبران کے بچوں کو رعایت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ انٹرمیڈیٹ کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکنیکل اور اسکل بیسڈ پروگرامز بھی متعارف کرا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل پریس کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے خصوصی ڈسکاؤنٹ پیکیج بھی دیا جائے گا، جبکہ میرٹ پر 80 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے بھی زیرِ غور لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ بیسڈ اسکالرشپس کے ذریعے مستحق اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ نے انتخابات کے دوران ممبران کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا تھا۔ مختلف اسکولوں، کالجز اور تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے بہت سے بچے مختلف شہروں اور علاقوں میں زیرِ تعلیم ہیں، اس لیے کوشش کی جائے گی کہ پنجاب گروپ آف کالجز کے ساتھ یہ سہولت دیگر شہروں اور برانچز تک بھی توسیع دی جائے تاکہ اسلام آباد کے وہ ممبران بھی فائدہ اٹھا سکیں جن کے بچے اپنے آبائی علاقوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔عبدالرزاق سیال نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پہلے ہی مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرچکا ہے اور مستقبل میں بھی مزید معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے تاکہ ممبران اور ان کے بچوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے پنجاب گروپ آف کالجز کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں یونیورسٹی کی سطح پر بھی نیشنل پریس کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے خصوصی رعایت کا انتظام کیا جائے تاکہ اعلیٰ تعلیم کے حصول میں صحافی برادری کو مزید سہولت مل سکے۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ صحافی برادری کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا نیشنل پریس کلب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کیے گئے تمام وعدے پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں ۔ اس کے بعد مزید سکولز اور کالجز سے معاہدے کیے جایئں گے تا کہ ممبران کے بچوں کو معیاری تعلیم رعایتی فیسوں کے ساتھ میسر ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے لیے روحیل رحمت کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔تقریب کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کے عہدیداران اور پنجاب گروپ آف کالجز کی انتظامیہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مفاہمتی یادداشت کے نتیجے میں صحافیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں مالی ریلیف ملے گا اور وہ بہتر تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔









